حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کونسی چیز مانگی

ایک دن آپ ﷺ کی رحمت جوش میں آئی تو آپ ﷺ نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا: اے عائشہ، آج مانگو مجھ سے کیا مانگتی ہو؟ جو مانگو گی ملے گا، حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا: حضور! اگر اجازت ہو تو میں اپنے باپ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مشورہ کرلوں؟ دریائے رحمت جوش میں تھا،

آپ ﷺ نے فرمایا: جاؤ، کرلو مشورہ۔ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا اپنے والد کے پاس حاضر ہوئیں اور ساری بات بتائی، پھر پوچھا کہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بتائیں میں کیا مانگوں آپ ﷺ سے؟ تو حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: عائشہ جاکے آپ ﷺ سے کہنا کہ معراج کی شب قربت خاص میں جو راز کی باتیں ہوئیں ان میں سے کوئی ایک بات بتادیں! ۔۔۔ مانگا بھی تو علم مانگا۔۔۔ اور کہا: عائشہ سنو، جو حضور ﷺ بتائیں، وہ آکر مجھے بھی بتانا۔ حضرت عائشہ حضور ﷺ کے پاس واپس تشریف لائیں، تو آپ ﷺ نے پوچھا: عائشہ ہوگیا مشورہ؟ کہا: جی ہوگیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: بتاؤ پھر کیا مانگتی ہو؟ عائشہ نے کہا:

حضور معراج کی رات قربت خاص میں جو باتیں ہوئیں ان میں سے کوئی ایک بات بتائیں۔ آپ ﷺ مسکرادیے، مسکرانے کی دو وجہ تھیں: ایک تو یہ کہ میرے یارِ غار کا انتخاب کیساہے۔ اور دوسری وجہ یہ کہ اگر راز کی بات بتادوں تو پھر راز تو راز نہ رہا۔ چوں کہ آپ ﷺ نے وعدہ کیا تھا کہ جو مانگو گی ملے گا، اس لیے آپ ﷺ نے فرمایا: عائشہ سنو پھر ۔۔۔ جب میں قربت خاص میں پہنچا، میرے رب نے مجھ سے جو باتیں کیں، ان میں سے ایک بات یہ تھی کہ میرے رب نے فرمایا: اے میرے محبوب! آپ کی امت میں سے اگر کوئی شخص کسی دوسرے شخص کا ٹوٹاہوا دل جوڑ دے تو مجھ پر لازم ہے کہ میں اسے بغیر کسی حساب کے جنت میں داخل کردوں گا۔

عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بہت خوش ہوئیں۔ اپنے والد حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس حاضر ہوئیں، آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: عائشہ کیا کہا حضور ﷺ نے؟ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے ساری بات بتادی۔عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا خوش تھیں جب کہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جب سنا تو زار و قطار رونا شروع کردیا، عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے کہا: اباجی، یہ بات رونے والی نہیں، بسا اوقات ہم دکھی لوگوں کے کام آجاتے ہیں، ہمیں تو بخشش کا بہانہ مل گیا ہے، تو حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ اس کا الٹ بھی تو دیکھو،

اگر کوئی کسی کا ٹوٹا ہوا دل جوڑدے تو بغیر حساب کے جنت میں جائے گا، اور اگر کوئی کسی کا دل توڑ بیٹھے تو پھر تو سیدھا جہنم میں جائے گا، اس لیے میں ڈرتاہوں کہ ہم سے کسی کا دل نہ ٹوٹ گیا ہو۔

Leave a Comment