قرآن مجید کے متعلق معلومات

سوال 1: قرآن مجید کی جامع ومانع تعریف کیا ہے؟
جواب: قرآن مجید اللہ رب العالمین کا معجزانہ کلام ہے جو خاتم الانبیاٰء جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر حضرت جبرئیل علیہ السلام کے واسطے سے نازل ہوا، جو مصاحف میں مکتوب ہے اور تواتر کے ساتھ ہمارے پاس چلا آ رہا ہے، جس کی تلاوت کرنا عبادت ہے اور جس کا آغاز سورۃ الفاتحہ سے اور اختتام سورۃ الناس پر ہوتا ہے۔

سوال 2: قرآن کریم کو کتنے ناموں کے ساتھ موسوم کیا گیا ہے؟
جواب: قرآن کریم کو متعدد ناموں سے موسوم کیا گیا ہے:
(1) الکتاب (2) الفرقان (3) التنزیل (4) الذکر (5) النور (6) الھدی (7) الرحمتہ (8) احسن الحدیث (9) الوحی (10) الروح (11) المبین (12) المجید (13) الحق۔ دیکھئے کتاب (حقائق حول القرآن للشیخ محمد رجب، والتبیان فی اسماء القرآن للشیخ البنیمہی)
تعارف قرآن – 2

سوال 3: قرآن کریم مخلوق ہے یا غیر مخلوق؟
جواب:قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، مخلوق نہیں۔
سوال 4: جو قرآن کریم کے مخلوق ہونے کا عقیدہ رکھے اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: جو قرآن کے مخلوق ہونے کا عقیدہ رکھے وہ کافر اور اسلام سے خارج ہے کیونکہ قرآن اپنے حروف و معانی سمیت حقیقت میں اللہ تعالیٰ کا کلام ہے۔

سوال 5: کیا قرآن مجید میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی ہوئی ہے؟
جواب: قرآن مجید میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ بلکہ یہ مقدس کتاب اسی حالت میں‌ہے جس حالت میں نبی آخرالزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اپنی امت کے لیے چھوڑ گئے تھے۔
سوال 6: جو شخص قرآن مجید میں کمی زیادتی کا عقیدہ رکھے کیا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے؟
جواب: جی ہاں ! جو شخص قرآن مجید میں کمی زیادتی کا عقیدہ رکھے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے۔

سوال 7: کیا قرآن میں تبدیلی ہو سکتی ہے؟
جواب: قرآن میں تبدیلی ناممکن ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس کی حفاظت کا ذمہ لیا ہے۔ (دیکھئے سورۃ الحجر، آیت 9)
سوال 8: قرآن کریم میں کتنی سورتیں ہیں؟
جواب: قرآن کریم میں ایک سو چودہ (114) سورتیں ہیں۔
سوال 9: قرآن کریم میں کتنے پارے ہیں؟
جواب: قرآن کریم میں تیس (30) پارے ہیں۔

سوال 10: قرآن کریم میں کتنے احزاب ہیں؟ (1)
جواب : قرآن کریم میں ساٹھ احزاب ہیں۔
سوال 11: قرآن کریم میں کتنے رکوع ہیں؟
جواب: قرآن کریم میں 540 رکوع ہیں۔
1- سلف صالحین کا یہ معمول تھا کہ وہ ہر ہفتے ایک قرآن ختم کر لیا کرتے تھے ۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے روزانہ تلاوت کی ایک مقدار مقرر کی ہوئی تھی جسے حزب یا منزل کہا جاتا ہے۔(البرہان 25)

سوال12:قرآن کریم میں کتنی آیتیں ہیں؟
جواب:قرآن کریم میں 6236 آیات ہیں۔
سوال 13:قرآن کریم کے کلمات کی تعداد کتنی ہے؟
جواب:قرآن کریم کے کلمات کی تعداد 77439ہے ( دیکھیے شیخ مضمد رجب کی تالیف[حقائق حول اللقران])
سوال14: قرآن کریم کے حروف کی تعداد کتنی ہیں؟
جواب:قرآن کریم کے حروف کی تعداد 340740 ہے۔

سوال15:قرآن کریم میں کتنے سجدے ہیں؟
جواب:قرآن کریم میں پندرہ سجدے ہیں۔ (سنن ابی داؤد کتاب سجوداللقران)
سوال16:مکی اور مدنی سورتوں کا کیا مطلب ہے؟
جواب:قرآن کریم کی جو آیتیں یا سورتیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ہجرت سے پہلے اتریں ہیں وہ مکی ہیں اور جو سورتیں یا آیتیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ہجرت کے بعد اتریں ہیں وہ مدنی ہیں۔

سوال17:مدنی سورتوں کی تعداد کتنی ہیں؟
جواب:مدنی سورتوں کی تعداد [28]ہیں جن کے اسماء یہ ہیں:
(1)سورۃالبقرہ(2)سورۃ آل عمران(3)سورۃ النساء(4) سورۃ المائدہ(5)سورۃ الانفال(6)سورۃ التوبہ(7)سورۃ الرعد(8)سورۃ الحج(9)سورۃ النور(10)سورۃ الحزاب(11)سورہ محمد(12)سورۃ الفتح(13)سورۃالحجرات(14)سورۃالرحمٰن(15)سورۃ الحدید(16) سورۃ المجادلہ(17) سورۃ الحشر(18) سورۃ الممتحنہ(19)سورۃ الصف(20)سورۃ الجمعہ(21)سورۃ المنافقون(22)سورۃ التغابن(23) سورۃ الطلاق(24) سورۃ التحریم(25)سورۃ الانسان(26)سورۃ البینہ(27)سورۃ الزلزال(28)سورۃ النصر

سوال18:مکی سورتوں کی تعداد کتنی ہیں؟
جواب:مکی سورتوں کی تعداد چھیاسی[86]ہیں اوپر ذکر کی گئی مدنی سورتوں کے علاوہ ساری سورتیں مکی ہیں۔
سوال19:مکی سورتوں کی بعض علامات ونشانیاںبیان کیجئے؟
جواب:(1)ہر وہ سورت جس میں لفظ [کلا] آیا ہو۔
(2)ہر وہ سورت جس میں سجدہ آیا ہو۔
(3) ہر وہ سورت جس کے شروع میں حروف مقطات آئے ہئے ہوں سوائے سورۃ البقرہ اور ال عمران کے۔
(4) ہر وہ سورت جس میں آدم علیہ السلام اور ابلیس کاواقعہ مزکور ہو، سوائے سورۃ البقرہ کے۔
(5)ہر وہ سورت جس میں نبیوں اور امم ماضیہ کے حالات واقعات مزکور ہوں سوائے سورۃ البقرہ کے۔
(دیکھئےمباحث فی علام القران اللشیخ مناع القطان)

سوال20:مدنی سورتوں کی بعض علامات و نشانیاں بیان کیجئے؟
جواب:(1)جس سورت میں حدودوفرائض کا ذکر ہو۔
(2)جس سورت میں جہاد کی اجازت اور جہاد کے احکامات بیان کئے گئے ہوں۔
(3)جس سورت میں منافقین کا ذکر آیا ہو سوائے سورہ عنکبوت کے۔
(مباحث فی علام القران اللشیخ مناع القطان)

سوال21:قرآن کریم کی سورتوں کی کتنی قسمیں ہیں؟
جواب: قرآن کریم کی سورتوں کی چار قسمیں ہیں:
(1) طوال(2)مئون(3) مثانی(4)مفصل
(1)طوال:سات لمبی سورتوں کو کہتے ہیں جیسے البقرہ، ال عمران،النساء،المائدہ ،الاعراف اور ساتویں میں اختلاف ہے کہ ایا وہ الانفال اوربراءت (التوبہ) ہے جس کے درمیان بسم اللہ لا کر فصل نہیں کیا گیا ہے۔
(2) مؤن: وہ سورتیں جن کی آیات کی تعداد سو سے زیادہ یا سو کے لگ بھگ ہو۔
(3)مثانی:وہ سورتیں جن کی آیات کی تعداد ددو سو کے لگ بھگ ہو۔
(4) مفصل)سورۃ الحجرات یا سورۃ ق سے لے کر آخر قرآن تک کی سب سورتوں کو مفصل کہتے ہیں۔(مباحث فی علام القران اللشیخ مناع القطان)

سوال22:مفصل سورتوں کا کیا مطلب ہے؟
جواب:مفصل سورتوں کا مطلب ہے جن سورتوں کے درمیان بسم اللہ الرحمٰن الرحیم کے ذریعہ فصل کیا گیا ہو۔
سوال23: مفصل سورتوں کی کتنی قسمیں ہیں؟
جواب:(1)طوال مفصل(2)ِِوساط مفصل
سوال24:طوال مفصل کا اطلاق کہاں سے کہاں تک کی سورتوں پر ہوتا ہے؟
جواب:سورہ ق یا سورۃ الحجرات سے لے کر سورۃ النباء یا سورۃ البروج تک کی سورتوں پر طوال مفصل کا اطلاق ہوتا ہے۔

سوال25:وساط مفصل کا اطلاق کہاں سے کہاں تک کی سورتوں پر ہوتا ہے؟
جواب:سورۃ النباء سے لے کر سورۃ اللیل تک کی سورتوں پر وساط مفصل کا اطلاق ہوتا ہے۔
سوال26:قصار مفصل کا اطلاق کن سورتوں پر ہوتا ہے؟
جواب:سورۃ الضحی سے لے کر آخر قرآن تک کی سورتوں پر قصار مفصل کا اطلاق ہوتا ہے۔
سوال 27:قرآن کس نبی پر اترا ہے؟
جواب:حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر

سوال28:کس مہینے میں قرآن اتارا گیا؟
جواب:ماہ رمضان میں قرآن اتارا گیا {شھر رمضان الذی انزل فیہ القرآن}(سورۃ البقرہ)
سوال29:کس رات میں قرآن مجید اتارا گیا؟
جواب:شب قدرمیں قرآن اتارا گیا {انا انزلنا فی لیلۃ لقدر} ( سورۃ القدر آیت :1)
سوال30:قرآن پاک کی کونسی آیت سب سے پہلے اتری ہے؟
جواب:قرآن پاک کی سب سے پہلے اترنے والی آیت{اقرا باسم ربک الذی خلق}ہے۔

سوال 31:قرآن مجید کی سب سے آخری آیت کونسی اتری ہے؟
جواب:قرآن مجید کی سب سے آ خری آیت جو اتری ہے وہ آیت یہ ہے {واتقو یوما ترجعون فیہ الی اللہ ثم تو فی
کل نفس ما کسبت وھم لا یظلمون }(سورۃ البقرہ)
سوال 32: نزول کے اعتبار سے قرآن مجیدکی سب سے پہلی اور آخری سورۃ کون سی ہے ؟
جواب: نزول کے اعتبار سے سب سے پہلی سورت سورہ علق کی چند آیات اور سب سے آخری سورت سورہ النصر ہے۔

سوال33:پورا قرآن کتنے برس میں نازل ہوا؟
جواب:پورا قرآن تئیس [23]برس میں نازل ہوا۔
دیکھئے ( خصائص القرآن للد کتور/فہد بن عبدالرحمٰن الرومی و حقائق حول القرآن الشیخ محمد رجب)
سوال34:فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے سات حرفوں پر قرآن اتارا گیا ہے ان سات حرفوں میں نازل کرنے کا کیا مطلب ہے؟
جواب:سات حرفوں میں نازل کئے جانے کا مطلب ہے کہ قرآن پاک سات عربی لہجوں میں نازل کیا گیا۔

سوال35: قرآن کریم کی سب سے بڑی سورت کونسی ہے اور وہ کتنی آیتوں اور پاروں پر مشتمل ہے؟
جواب: قرآن کریم کی سب سے بڑی سورت سورۃ البقرہ ہے اور یہ دو سو چھیاسی[286]آیات اور ڈھائی پاروں پر مشتمل ہے۔
سوال36:قرآن کریم کی سب سے چھوٹی سورت کونسی ہے اور وہ کتنی آیات پر مشتمل ہے؟
جواب:قرآن کریم کی سب سے چھوٹی سورت سورۃ الکوثر، اور یہ تین آیات پر مشتمل ہے۔
سوال37:ترتیب کے لحاظ سے قرآن مجید کی سب سے پہلی اور سب سے آخری سورت کونسی ہے؟
جواب:ترتیب کے لحاظ سے قرآن مجید کی سب سے پہلی سورت سورہ الفاتحہ اور سب سے آخری سورت سورۃ الناس ہے؟

سوال38:قرآن مجید کی ان سورتوں کا نام بیان کیجئے جن میں سجدے ہوں؟
جواب:(1)الاعراف آیت: 206 (2)الرعدآیت :15 (3) النحل آیت:49،50(4)الاسراءآیت:109 (5) مریم آیت:58 (6) الحج[اس میں دو سجدے ہیں]دیکھئے آیت: 18،77 (7)الفرقان:60 (8)النملآیت:25 (9) السجدہ آیت:15 (10)ص آیت:24 (11)فصلت [حم السجدہ]آیت: 37،38 (12) النجم آیت:62 (13) الانشقاق آیت :21 (14) العلق آیت: 15۔

سوال39: سورتوں کے شروع میں جو حروف مقطعات [الم-الر-کھیعص]آئے ہوئے ہیں کیا ان کا کوئی معنی اور مفہوم بھی ہے؟
جواب:جی ان حروف کے کچھ نہ کچھ معانی ضرور ہیں جو صرف اللہ ہی کو معلوم ہیں اور کسی کو معلوم نہیں،علامہ ابن کثیر رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں حروف مقطعات سے قرآن کریم کا اعجاز ثابت کرنا ہے جس کا مثل پیش کرنے سے تمام مخلوق عاجز ہے۔ ( بحوالہ تفسیر ابن کثیر ج /ا)

سوال 40:قرآن مجید کی ان سورتوں کی تعداد بتلائیے جن کا آغاز حروف مقطعات سے ہوتا ہے؟
جواب:انتیس[29]سورتیں ہیں۔
سوال41:قرآن مجید کی وہ کون سی سورت ہے جس کو ثلث قرآن[تہائی قرآن]کہا گیا ہے؟
جواب:سورۃ اخلاص {قل ھو اللہ احد}کو تہائی قرآن کہا گیا ہے( صحیح بخاری، کتاب فضائل القرآن، باب فضل قل ھو اللہ احد عن ابی سعید الخدری،)
سوال42: قرآن مجید کی وہ کون سی سورت ہے جس کو ربع قرآن[چوتھائی قرآن]کہا گیا ہے؟
جواب: سورۃ الکافرون کو ربع قرآن کہا گیا ہے۔(سنن ترمذی، بروایت عبداللہ ابن عباس، حاکم، امام حاکم فرماتے ہیں کہ یہ حدیث صحیح الاسناد ہے، علامہ البانی نے اس حدیث کو حسن لغیرہ کہا ہے، دیکھئےصحیح الترغیب و الترہیب للالبانی حدیث:1477)

سوال43:قرآن کی وہ دو سورہ مبارکہ کونسی ہیںجن کو زہراوہین کے نام سےموسوم کیا جاتا ہے؟
جواب:وہ دو سورتیں سورہ بقرہ اور سورۃ آل عمران ہیں۔( حاکم، صحیح الترغیب حدیث:1466)
سوال44:قرآن مجید کی کس سورت کو نساء صغری کہا جاتا ہے؟
جواب:سورۃ الطلاق۔[حضرت عبداللہ بن مسعودرضی اللہ عنہنے اس سورت کو نساء صغری سے موسوم کیا ہے جیسا کہ امام بخاری وغیرہ نے بیان کیا ہے]( بحوالہ تفسیر روح المعانی)

سوال45:قرآن مجید کی کس سورت میں مکھیوں کا ذکر آیا ہوا ہے؟
جواب:سورۃ الحج آیت نمبر 73۔
سوال46:قرآن مجید کی کس سورت میں طالوت و جالوت کا واقعہ آیا ہوا ہے؟
جواب:سورۃ البقرہ از آیت 247 تا 251۔
سوال47:قرآن مجید کی کس سورت میں سلیمان علیہ السلام اور ہدہد کا واقعہ آیا ہوا ہے؟
جواب: سورۃ النمل از آیت 20 تا 28۔

سوال48:کس سورت میں حضرت موسٰی اور حضرت خضر علیہ السلام کا واقعہ آیا ہوا ہے؟
جواب:سورۃ الکہف از آیت 65 تا 82۔
سوال 49: وہ کون سی سورت ہے جس میں بسم اللہ الرحمٰن الرحیم دو بار آیا ہے؟
جواب:سورۃ النمل آیت: 30۔
سوال 50: قرآن مجید کی کس سورت میں روح کے متعلق سوال آیا ہوا ہے؟
جواب:سورہ اسراء آیت نمبر 85۔
سوال51:قرآن مجید کی کس سورت میں ہے کہ شیطان اپنے متبعین سے [قیامت کے دن] لا تعلقی کا اظہار کرے گا؟
جواب:سورہ ابراہیم آیت نمبر 22۔

سوال 52:قرآن مجید کی کس سورت میں دابۃ الارض کے خروج کا ذکر آیا ہوا ہے؟
جواب:سورہ نمل آیت:82۔ (1)
سوال53:قرآن مجیدکی کس سورت میں سامری کا ذکر آیا ہوا ہے؟(2)
جواب:سورہ طہ میں از آیت 85 تا 98۔
سوال54:قرآن مجید کی کس سورت میں غزوہ تبوک کا ذکر آیا ہوا ہے؟
جواب: سورہ توبہ آیت:81۔
سوال55:قرآن مجید کی کس سورت میں جنگ بدر کا قصہ بیان ہوا ہے؟
جواب: سورہ انفال از آیت 6 تا آیت 14۔
سوال 56: قرآن مجید کی کس سورت میں اصحاب الاخدود [خندقوں والے]کا وقعہ آیا ہوا ہے؟
جواب:سورہ بروج۔

Leave a Comment